لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے طلبا کو ہدایت کی ہے کہ وہ پرائیویٹ اسکولوں کے خلاف موسم گرما کی چھٹیوں کی فیس نہ لینے کی درخواست دائر کریں۔
ہائی کورٹ کے جج جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے 16 سال کی عمر کے بچوں کو مفت تعلیم دینے کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ حکومت کو 16 سال تک کی عمر کے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ پرائیویٹ اسکول بھاری فیس کے ساتھ گرمیوں کی چھٹیوں کی فیس بھی لے رہے ہیں، عدالت پرائیویٹ اسکولوں کو گرمیوں کی چھٹیوں کی فیس وصول کرنے سے روکے۔
لاہور ہائی کورٹ میں ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کے پروفیسر عمر فاروق کی برطرفی کے معاملے پر بھی سماعت ہوئی، درخواست گزار پروفیسرعمر فاروق نے عدالت کے سامنے مؤقف اپنایا کہ کسی شنوائی کا موقع دیے بغیر ملازمت سے برطرفی غیر قانونی ہے، عدالت ملازمت سے بلاجواز نکالنے کا حکم کالعدم قرار دے۔
عدالت عالیہ نے 14 اکتوبر تک یونیورسٹی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم سے جواب طلب کرلیا ہے۔