لندن: اسکاٹ لینڈ یارڈ کے چیف کریسیڈا ڈک نے انکشاف کیا ہے کہ ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس میں پیچیدگیوں کی وجہ سے اس کی تفتیش تعطل کا شکار ہو گئی ہے۔
ہوم افیئرز سلیکٹ کمیٹی کے سامنے بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران فاروق کے قاتلوں کو ضرورپکڑیں گے لیکن تفتیش آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مسائل حل کرنا ہوں گے کیونکہ اس کیس کے سرے برطانیہ سے باہر جاتے نظر آ رہے ہیں، دفترخارجہ اور متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر اس معاملے پر پاکستان سے بات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران فاروق کیس میں بہت پیچیدگیاں ہیں، اس کیس پربہت پیسہ خرچہ ہو چکا ہے جبکہ مزید کام جاری ہے۔
برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے ہوم افیئرز سیلیکٹ کمیٹی میں کہا ہے کہ عمران فاروق کی بیوہ شمائلہ اور بیٹے عالیشان اور وجدان انصاف کے حقدار ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ لوگ پوچھتے ہیں کیا بانی ایم کیو ایم کو انگلینڈ میں قانون سے استثنیٰ حاصل ہے، آخرعمران فاروق کے قاتل کیوں نہیں پکڑے جاتے۔