خیبرپختونخوا اور قبائلی اضلاع میں ایم ایم اے اختلافات کا شکار

خیبرپختونخوا اور قبائلی اضلاع میں ایم ایم اے تقسیم | urduhumnews.wpengine.com

پشاور: خیبرپختونخوا اور قبائلی اضلاع میں انتخابی ٹکٹوں کے معاملے پر متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) اختلافات کا شکار ہو گئی ہے۔

’ہم نیوز‘ کے مطابق ٹکٹوں کی تقسیم کے بعد ایم ایم اے میں شامل دو بڑی جماعتوں جے یو آئی ایف اور جماعت اسلامی کی قیادت کو کارکنوں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے جس کے نتیجے سات قبائلی اضلاع میں امیدوار آزاد حیثیت میں ایک دوسرے کا مقابلہ کریں گے۔

ضلع بونیر کے حلقہ پی کے 20 پر جے یو آئی ایف کے مفتی فضل غفور اور جماعت اسلامی کے بخت جہان خان آزاد حیثیت میں آمنے سامنے ہیں جبکہ مردان میں این اے 20 پر دونوں جماعتوں کی مقامی قیادت اختلافات کا شکار ہے جہاں ایم ایم اے نے جماعت اسلامی کے ڈاکٹر عطا الرحمٰن کو ٹکٹ جاری کیا ہے لیکن ان  کے خلاف جے یو آئی ایف کی مقامی تنظیم نے مولانا حماد الرحمن کو میدان میں اتار دیا ہے۔

نو شہرہ، بنوں اورلوئر دیرمیں بھی دونوں جماعتوں کے امیدوار آمنے سامنے ہیں جبکہ پشاور میں ایم ایم اے کا ٹکٹ واپس لینے پر جماعت اسلامی کے امیدوار شیرزمان نے پی ٹی آئی امیدوار کامران بنگش کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ میرے ساتھ دھوکہ ہوا ہے، ایم ایم اے کا ٹکٹ مجھ سے لے کر جے یو آئی کے امیدوار کو تھما دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں