امریکہ طالبان سے مذاکرات کرے، پاک افغان مشترکہ اعلامیہ


اسلام آباد: پاک افغان غیررسمی مذاکرات میں کہا گیا ہے کہ امریکہ افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کرے۔

دو روزہ پاک افغان غیررسمی مذاکرات کے اختتام پر جاری اعلامیے میں سفارش کی گئی ہے کہ افغان حکومت اور طالبان کو کامیاب مذکرات کے لیے ایسا سمجھوتہ کرنا چاہیئے جس میں فریقین امن معاہدے کے لیے کچھ  لو کچھ  دو کا طریقہ اختیار کریں، افغان حکومت اور طالبان کو ایک دوسرے کے لیے نرم گوشہ پیدا کرنا ہو گا۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کا پاکستان اور افغانستان کے ساتھ چلنا امن عمل کے لیے ناگزیر ہے، افغانستان میں اندرونی مسائل کے  حل کے لیے کاوشیں کرنا ہوں گی، افغان امن عمل کے لیے پاک افغان انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ اہم ہے، پاک افغان انٹیلی جینس ایجنسیوں کے ماہانہ اجلاس منعقد کیے جائیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کی باہمی  تجارت چار ارب ڈالر سے ایک ارب ڈالر تک گر گئی ہے اس لیے پاکستان کو تجارتی امور پر افغان تحفظات  دور کرنے چاہیئں۔

اعلامیے کے مطابق افغان حکومت کے لیے امریکی اور نیٹو افواج کا  انخلا ناپسندیدہ اقدام  ہو گا، پاکستان اور افغان باہمی طرز عمل الزام تراشی اور منفی بیانیہ سے آگے بڑھا ہے۔


متعلقہ خبریں