کسی سازش سے پہلے استعفیٰ دینا مناسب سمجھا، جنجوعہ


اسلام آباد: نگراں حکومت سے مستعفی ہونے والے مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ نے اپنے مستعفی  ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی سازش کا حصہ گردانے جانے سے پہلےاستعفیٰ دینا مناسب سمجھا۔

اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت نے کام جاری رکھنے کا کہا تھا لیکن محسوس کیا کہ اب سابق حکومت میں شامل کوئی شخص کسی بھی عہدے پر نہیں رہا اس لیے مستعفی ہو گیا۔

ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ مجھے لگا کوئی مجھے کسی ڈیزائن کا حصہ نہ سمجھے، آج میں خود کو بے حد ہلکا محسوس کر رہا ہوں۔

مشیر قومی سلامتی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے بدھ کے روز اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، انہوں نے اپنے استعفیٰ میں ذاتی وجوہات کی بنا  پر مزید کام  کرنے سے معذوری ظاہر کی تھی۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ کو 2015 میں قومی سلامتی کا مشیر مقرر کیا گیا تھا جب کہ  2016  میں اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے ناصر جنجوعہ کو نیشنل ایکشن پلان  پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ ٹاسک  فورس کا سربراہ بھی مقرر کیا تھا، اس سے پہلے ناصر جنجوعہ  پاک فوج میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر فائز تھے اور ریٹائرمنٹ سے قبل کور کمانڈر سدرن کمانڈ (کوئٹہ) تعینات تھے۔


متعلقہ خبریں