حسین اور حسن نواز کو لانے کی کوشش کریں گے، چئیرمین نیب


لاہور: چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب اپنا کام نیک نیتی سے کر رہا  ہے اور نیب کے نوٹس دعوت نامے نہیں بلکہ تحقیقات کے لیے قانون کے مطابق بھجوائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حسین اورحسن نواز کو پاکستان لانے کے لیے ہرممکن کوشش کی جائے گی جبکہ انہیں انٹر پول کے ذریعے لانے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے، اب  ڈی جی نیب معاملے پر خط  لکھیں گے۔

لاہور نیب بیورو میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کی حیثیت سے کبھی کوئی غیرقانونی کام نہیں کیا اورہمیشہ اپنے فرائض پوری ذمے داری سے ادا کرنے کی کوشش کی ہے۔

اس ادارے کے قیام کا مقصد کرپشن کا خاتمہ ہے اس لیے متعدد بار درخواست کرچکے ہیں کہ اس ادارے کو سیاست زدہ  نہ کیا جائے کیونکہ نیب کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہو گا اس لیے ہمیں ہمارا کام کرنے دیا جائے۔

چئیرمین نیب نے کہا کہ جس کی بھی حکومت ہو ہم اپنی کارروائی جاری رکھیں گے جبکہ کرپشن کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی اور اس حوالے سے کوئی دباؤ برداشت نہیں کریں گے کیونکہ اس ادارے کو اسی کام کے لیے ہی بنایا گیا ہے تاکہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ کیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی امیدیں نیب سے وابستہ ہیں اور ہماری پوری کوشش ہے کہ عوام کی امیدوں پر پورا اتریں۔


متعلقہ خبریں