دانیال عزیز توہین عدالت کیس کا فیصلہ کل سنایا جائے گا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: مسلم لیگ نون کے رہنما دانیال عزیز کا توہین عدالت سے متعلق کیس کا فیصلہ جمعرات کو سنایا جائے گا،  فیصلہ شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ سنائے گا۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ٹی وی ٹاک شوز کے دوران مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز کے عدلیہ مخالف بیانات پر رواں برس دو فروری کو توہین عدالت کا از خود نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں سات فروری کو طلب کیا تھا۔

دانیال عزیز پر 13 مارچ کو آرٹیکل 204 اور توہین عدالت آرڈیننس 2003 کے تحت فرد جرم عائد کی گئی تھی تاہم دانیال عزیز نے صحت جرم سے انکار کر دیا تھا۔

فرد جرم میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے  ستمبر 2017 میں ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ سابق وزیراعظم  نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت میں مقدمات کی نگرانی کرنے والے سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن نے قومی احتساب بیورو ( نیب ) کی ٹیم کو لاہور میں بلا کر نواز شریف کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے بارے میں کہا تھا۔

فرد جرم کے مطابق دانیال عزیز نے انصاف کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کے علاوہ سپریم کورٹ کے ججز کو اسکینڈلائز کرنے کی بھی کوشش کی تھی۔

عدالت نے دانیال عزیز کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیا تھا۔


متعلقہ خبریں