شاہد خاقان عباسی اور فواد چودھری : آج انتخابی قسمت کا فیصلہ ہوگا


راولپنڈی: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان فواد چودھری کی انتخابی قسمتوں کے فیصلے آج ہوں گے۔ ایپلٹ ٹریبونلز دونوں رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف دائر درخواستوں پر فیصلے سنائیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کے این اے – 57 سے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف ممتاز اور سینئرایڈووکیٹ مسعود احمد عباسی نے درخواست دائر کی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چودھری کے خلاف جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی کے رہنما نے درخواست دائر کی ہے۔

حلقہ این اے – 67 سے تحریک انصاف کے امیدوار فواد چودھری کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو جسٹس ڈیموکریٹک پارٹی کے سید حیدر عباس نے دوبارہ چیلنج کیا تھا۔

سید حیدر عباس نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ فواد چودھری نے زرعی زمین پرٹیکس ادا نہیں کیا اور کاغذات نامزدگی میں شناختی کارڈ کے مطابق نام نہیں لکھا۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈ میں نام فواد حسین ہے لیکن کاغذات نامزدگی میں نام فواد چودھری لکھا گیا ہے۔

پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے صدر عامر کیانی کی انتخابی سیاست کا فیصلہ بھی آج ہوگا۔

ایپلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس عبدالرحمان لودھی مقدمات کے فیصلے سنائیں گے۔


متعلقہ خبریں