مریم نواز ایون فیلڈ سے منتقل، انتخابی مہم پرویز رشید کے حوالے


لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز ایون فیلڈ  فلیٹس سے اپنی رہائش تبدیل  کرکے دوسری جگہ منتقل ہوگئی ہیں۔

لندن میں ایون فیلڈ فلیٹس سے رہائش ختم کرنے کا فیصلہ مریم نواز نے اپنے وکلا سے مشورہ کرنے کے بعد کیا، مریم نواز کو وکلا نے مشورہ دیا تھا کہ ایون فیلڈ  فلیٹس میں رہائش اختیار کرنے سے آپ کے قومی احتساب بیورو (نیب) عدالت میں زیر سماعت مقدموں پر اثر پڑ سکتا ہے۔

مریم نواز کی نئی رہائش گاہ ایون فیلڈ  فلیٹس کے قریب ہی ہے اور وہ گزشتہ پانچ  روز سے اکثرعلیحدہ  گاڑی  سے ہارلے کلینک آتی  جاتی  ہیں۔

ایون فیلڈ پراپرٹیز ( ایون فلیٹس ) سے متعلق احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف کیس جاری ہے، جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کے بیٹوں حسن اور حسین نواز، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا گیا ہے۔

دوسری جانب ذرائع نے بتایا ہے کہ  مریم نواز نے مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنما سینیٹر پرویز رشید سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے اپنی غیر موجودگی میں انتخابی حلقے میں مہم چلانے کی درخواست کی ہے جس کے بعد اب سینیٹر پرویز رشید مریم  نواز کی انتخابی مہم چلائیں گے۔

اگلے چند روز میں سینیٹر پرویز رشید باقاعدہ  طور پر مریم نواز کے حلقے میں مرکزی انتخابی دفتر کا دورہ کریں گے اور مسلم لیگی رہنماوں اور کارکنوں سے ملاقاتیں کریں گے۔


متعلقہ خبریں