کراچی: پیپلز پارٹی کے مرکزی الیکشن سیل نے تاج حیدر کی سربراہی میں کام شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن سیل کا پہلا اجلاس بلاول ہاؤس ٹیکنیکل یونٹ میں تاج حیدر کی زیر صدارت ہوا جس میں الیکشن سیل کے کراچی میں مقیم عہدیداروں نے شرکت کی، اجلاس میں انتخابات کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ مرکزی الیکشن سیل میں پیپلز لیگل فورم (پی ایل ایف) سے تعلق رکھنے والی دس رکنی لیگل ایڈ کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے جبکہ جدید طرز پر ہیلپ لائن نے بھی کام شروع کر دیا اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھی اکاؤنٹس بنا دیے گئے ہیں۔
پیپلز پارٹی کا الیکشن سیل آٹھ ارکان پر مشتمل ہے جن میں تاج حیدر کے علاوہ رخسانہ زبیری، سردار لطیف کھوسہ، لال بخش بھٹو، بیرسٹرعامر، چوہدری لطیف اکبر، امجد حسین ایڈووکیٹ اور نظیرڈومکی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کا الیکشن سیل نہ صرف پارٹی کی انتخابی مہم کو مانیٹر کرے گا بلکہ 25 جولائی کو پولنگ کے دن اور اس کے بعد انتخابات کے نتائج کی نگرانی بھی کرے گا۔