کراچی: پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ کراچی کے ساتھ 20، 25 سال سے بڑا ظلم ہوا ہے، یہاں رہنے والوں سے سیاسی مذاق کیا گیا ہے، میں کراچی کو لاہور سے دگنا بہتر بنا دوں گا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں کراچی کو جنوبی ایشیا کا پیرس بنا کر دکھاؤں گا، 1997 میں جب لاہور کو پیرس بنانے کا دعویٰ کیا تو اس کا بھی مذاق اڑایا گیا تھا۔
بعد ازاں بلدیہ ٹاؤن کراچی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ کراچی پاکستان کی سب سے بڑی صنعتوں اور بینکوں کا مرکز ہے لیکن یہاں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، میں پہلے چھ مہینے میں کراچی سے کوڑا کرکٹ ختم کر دوں گا، پہلے تین سال گھر گھر صاف پانی پہنچانے کا انتظام کروں گا، صاف پانی کا آغاز بلدیہ ٹاؤن سے کروں گا اور یہاں پانچ سو بیڈز کا اسپتال بھی دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کا ٹرانسپورٹ کا نظام بدترین حالت میں ہے، ہم یہ نظام بہتر بنائیں گے اور ہماری بیٹیاں، مائیں اور بزرگ اسی طرح سفر کریں گے جیسے لاہور میں سفر کرتے ہیں، جب تک کراچی سے لوٹی گئی پائی پائی واپس نہ دلا دوں چین سے نہیں بیٹھوں گا، کراچی کی بہتری کے لئے جان لڑا دوں گا۔