کسی کی ٹکٹ کا محتاج نہیں ہوں، چوہدری نثار


راولپنڈی: سابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے دعویٰ کیا ہے کہ مجھے کوئی شکست نہیں دے سکتا اور میں اس بار ریکارڈ کامیابی حاصل کروں گا۔

راولپنڈی میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کو میرے مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہوجائیں گی، ٹکٹ اور بغیر ٹکٹ والے بھی بے یارومدد گار یہاں سے رخصت ہوں گے، میرے ایک مخالف کی تو ایف اے اور بی اے کی ڈگری ہی جعلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ٹکٹ کا محتاج نہیں ہوں مجھے اگر ٹکٹ کی ضرورت ہوتی تو میرے لیے تمام دروازے کھلے ہیں، میں نے ہمیشہ عزت کی سیاست کی ہے اور کبھی سر نہیں جھکایا، جب نوازشریف کو جلاوطن کیا گیا تھا تو اُس وقت نون لیگ نے 13 نشستیں حاصل کی تھیں جس میں ایک نشست میری بھی شامل تھی۔

چوہدری نثار نے کہا کہ ہمارے ساتھ 72 نہیں ایک لاکھ 72 ہزار ووٹرز ہیں جبکہ ہمارے آج کے جلسے نے مخالفین کے دلوں میں دہشت بٹھا دی ہے۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ میں نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے اور عوامی وسائل کو عوام کے لیے ہی خرچ کیا ہے، میں نے پیٹرول پمپس یا فیکٹریاں نہیں لگائی ہیں۔


متعلقہ خبریں