خیرپور: الیکشن 2018 کی انتخابی مہم کے دوران پیپلزپارٹی کے ایسے امیدواروں کو ووٹرز کے ردعمل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جو مبینہ طور پر گزشتہ الیکشن میں منتخب ہونے کے بعد ووٹرز کو وقت نہیں دے سکے تھے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے نعیم احمد کھرل جب انتخابی عمل کے لیے نکلے تو پی ایس 31 گمبٹ کے عوام نے ان کی گاڑی کا گھیراؤ کیا اور شدید نعرے بازی کی۔
احتجاج کرنے والے ووٹرز کا کہنا تھا کہ نعیم احمد کھرل نے ان کے لیے کچھ نہیں کیا الٹا ان کے علاقے میں چوریاں کرواتا رہا اس لیے ہم ووٹ نہیں دیں گے۔
عوام کے شدید احتجاج کے سبب نعیم احمد کھرل دو گھنٹے گاڑی میں بیٹھے رہے اور حالات مشتعل ہوتے دیکھ کر ووٹر سے ملے بغیر واپس چلے گئے۔
اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی سردار سلیم جان مزاری کو بھی کشمور کے حلقہ این اے 197 میں ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
سلیم جان مزاری جب حلقے میں انتخابی مہم کے لیے پہنچے تو نوجوان ووٹرز نے انہیں گھیر لیا اور مخالفت میں شدید نعری بازی کی۔