عالمی ادارے بھارتی مظالم کے خلاف اپنا کردار ادا کریں، پاکستان


اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں کا تعاقب جاری رکھے گا۔

انہوں نے تحریک طالبان کے رہنما ملا فضل اللہ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پائیدار امن کے لیے افغانستان کے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے لیکن بھارت کو خطے میں امن کے لیے مذاکرات کی میز پر آنا ہو گا۔

ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ گلگت بلتستان جموں و کشمیر کا حصہ ہے جو متنازعہ علاقہ ہے جبکہ بھارتی فورسز کےمظالم کا سلسلہ جاری ہے، عالمی اداروں کو بھارتی مظالم کے خلاف اپنا کردار ادا  کرنا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ بلا کر بلااشتعال فائرنگ پر جواب طلب کیا اور بھارت سے مطالبہ بھی کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں صحافی کے قتل کی تحقیقات کرائے۔

بھارت  سرحدی جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی آبادی کو فائرنگ کا نشانہ بناتا رہتا ہے جس کے نتیجے میں اکثر وبیشتر شہری زخمی یا جاں بحق ہو جاتے ہیں۔


متعلقہ خبریں