حب ڈیم ڈیڈ لیول پر، کراچی کو پانی کی شدید قلت کا سامنا


کراچی: حب ڈیم میں پانی کی سطح انتہائی کم ہوگئی ہے جس کے باعث کراچی کو بڑے پیمانے پر پانی کی قلت  کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق حب ڈیم میں پانی کی سطح صرف 9 انچ رہ گئی ہے اور کراچی کو پانی کی فراہمی تقریباً معطل ہو گئی ہے تاہم  کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ترجمان رضوان حیدر کا کہنا ہے کہ پانی کے پمپس کی تنصیب کا کام جاری ہے، چھ پمپس نصب کیے جا رہے ہیں جو تین سے چار روز میں کام شروع  کر دیں گے۔

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پمپس کے فعال ہونے کے بعد شہر کو 20 سے 35 ملین گیلینز پرڈے (ایم جی ڈی)  پانی فراہم کیا جا سکے گا جبکہ ابھی کراچی کو یومیہ 20 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور سندھ کے  اکثر علاقوں میں بارش نہیں ہوئی اور اگر مزید بارش نہ ہوئی تو کراچی میں پانی کا شدید بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے، انہوں نے بتایا کہ پانی کی سپلائی کے لیے ٹینکر سروس کی فراہمی جاری ہے جبکہ کراچی  کے علاقوں  کو آن لائن ٹینکر پانی فراہم کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں