عمران خان نے گورنر خیبر پختونخوا کو ہٹانے کا بھی مطالبہ کر دیا


اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نگراں وزیراعظم جسٹس ناصرالملک سے گورنر خیبرپختونخوا (کے پی) کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے گورنر کے پی کے خلاف نگراں وزیراعظم کو خط ارسال کیا ہے  جس میں مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کی جانب سے لگائی گئی وفاقی  اور صوبائی بیوروکریسی بھی بدلنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

عمران خان نے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ گورنر کے پی مسلم لیگ نون کے سیکرٹری جنرل رہے ہیں اور فاٹا میں جانبدارانہ کردار کے حامل ہیں جبکہ فاٹا کے مالی اختیارات بھی گورنر کے پاس ہیں، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی وفاق میں مقرر کردہ بیوروکریسی اب تک تبدیل نہیں کی گئی جو انتخابات کی شفافیت کے لیے بڑا خطرہ ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے یہ الزام بھی لگایا ہے کہ سندھ اور پنجاب میں بھی پیپلز پارٹی اور نون لیگ کی جانب سے لگائی گئی بیوروکریسی انتخابات کے ماحول کو خراب کر رہی  ہے۔

عمران خان نے اپنے خط میں مزید کہا ہے کہ نگراں حکومتیں انتخابی انتظامات کے حوالے سے شدید سست روی کا شکار ہیں اور عام انتخابات پر شکوک و شبہات کے سائے ہمیں کسی طور گوارا نہیں ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے نگراں وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر انتخابات کے انعقاد کی راہ میں حائل نقائص کو دور کریں۔


متعلقہ خبریں