اسلام آباد: شریف خاندان کے خلاف احتساب عدالت میں زیر سماعت نیب ریفرنس کی سماعت کے موقع پر نواز شریف کی جانب سے وکالت سے دستبردار ہونے والے قانون داں خواجہ حارث عدالت میں پیش ہو گئے۔
منگل کے روز خواجہ حارث احتساب عدالت میں پیش ہوئے تو جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ آ گئے ہیں خواجہ صاحب، جواب میں نواز شریف کے وکیل نے کہا کہ ایک درخواست دینی ہے۔
احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ کیا اپنی وکالت نامے والی درخواست واپس لے رہے ہیں؟ خواجہ حارث نے کہا کہ ایک اور درخواست دینی ہے، بطور وکیل موقف اپنانا میرا حق ہے، ہمیں بھی معلوم ہوجائےگا کہ کیس اکھٹے چلیں گے یا علیحدہ سنے جائیں گے۔
جج نے خواجہ حارث کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وکالت نامہ واپس لینے والی آپ کی درخواست خارج کر دی ہے۔ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ہم نےتو مخالفت بھی نہیں کی پھر بھی خارج ہوگئی؟
انہوں نے کہا کہ میں نے اور میری ٹیم نے وکالت نامہ واپس لیا تھا، سپریم کورٹ نے چار ہفتوں میں ٹرائل مکمل کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہفتہ کے روز یا دفتری اوقات کے بعد بھی عدالت سماعت کرے۔ احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ ایسی ہدایت نہیں دی گئی جس پر خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ بڑے طریقے سے ہدایت دی گئی ہے۔
عدالت کے ساتھ ہوئے مکالمہ میں خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت جاری ہے، تیاری کے لیے ہزاروں صفحات پڑھنے ہوتے ہیں، ہفتے کا روز عدالتی دن نہیں ہے، ڈبل کام کرنا آسان نہیں ہے۔
احتساب عدالت کے جج نے اپنے ریمارکس میں نوازشریف کے مقرر کردہ نئے وکیل کے متعلق کہا کہ کہا کہ امجد صاحب اپنےدلائل خود دیں گے۔
نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ پہلے وکالت نامہ واپس لیا اب یہ درخواست آئی ہے، سپریم کورٹ کی ہدایت کے دس دن ضائع ہوگئے، ایسا لگ رہا ہے آج سپریم کورٹ کی ہدایت کو آپ کےسامنےچیلنج کیا گیا سپریم کورٹ نے اس عدالت کو ہدایت کی ہے۔
سردار مظفر کا کہنا تھا کہ اس کیس کو دس ماہ ہو چکے ہیں، استغاثہ اپنا کیس مکمل کر چکی ہے، آج حتمی دلائل کیلیے کیس مقرر ہے، ہائی کورٹ نے یہاں کاروائی روکنےکا کوئی حکم نہیں دیا، ایسا نہیں کہ استغاثہ کی وجہ سے کیس مکمل نہیں ہوا۔
نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ہر تاریخ پر سماعت ہوتی رہی ہے، سپریم کورٹ کےآرڈر کا ریلیف آپ سےحاصل کرنا چاہ رہے ہیں۔
سماعت کے دوران نواز شریف اور مریم نواز نے سات روز کے لیے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کردی۔ خواجہ حارث نے اپنی نئی درخواست کے متعلق عدالت کو بتایا کہ نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم کی حالت تشویشناک ہے۔ جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ وقفے کے بعد درخواست پر بحث کی جائے گی۔