بوہری برادری عید منا رہی ہے، رویت ہلال کمیٹی آج اعلان کرے گی

Bohri community

مصری کلینڈر سے مذہبی تہوار منانے والی بوہری برادری آج پورے مذہبی جوش و خروش سے عیدالفطر منا رہی ہے۔ دنیا بھر میں آباد بوہری برادری قدیم مصری کلینڈر کے مطابق مذہبی تہوار مناتی ہے اس لیے پوری دنیا میں ایک ساتھ اور ایک ہی دن ان کے مذہبی تہوار کے اجتماعات ہوتے ہیں۔

پاکستان اور ہندوستان میں عموماً بوہری برادری رمضان المبارک کا آغاز بھی ایک دو دن قبل اپنے روایتی کلینڈر سے کرتی ہے اور اسی طرح عیدالفطر بھی ایک دو دن پہلے ہی مناتی ہے۔

بوہری برادری کی غالب اکثریت شہر قائد میں مقیم ہے اس لیے عید کا سب سے بڑا اجتماع حسب معمول طاہری مسجد کراچی میں ہوا۔ جہاں نماز کی ادائیگی کے بعد ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

نماز عید کی ادائیگی کے لیے بوہری برادری کے افراد نے سولجر بازار، بلوچ کالونی اور پان منڈی سمیت دیگرعلاقوں کا بھی رخ کیا جہاں منعقدہ اجتماعات میں انہوں نے شرکت کی۔

رینجرز اورپولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد نماز عید کے اجتماعات کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اجتماعات کے اطراف موجود تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: موٹرسائیکل چھیننے کی وارداتوں میں ریکارڈ اضافہ

پاکستان اورہندوستان کے کاروباری مراکز میں آباد بوہری برادری کے زیادہ تر لوگ کاروبار سے وابستہ ہیں۔ بوہری برادری کے افراد مذہبی تہواروں اور رسم و رواج کو قدیم مصری کلینڈر کے حساب سے مناتے ہیں۔

پاکستان میں مقیم دیگر اہل وطن عیدالفطر بدھ کو منائیں گے یا جمعرات کو؟ اس کا فیصلہ کرنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس حسب روایت بعد نماز عصر منعقد ہو گا۔ اجلاس میں مرکزی اور زونل کمیٹی کے ارکان سمیت محکمہ موسمیات کے نمالئندے بھی شرکت کریں گے۔

محکمہ موسمیات پہلے ہی آگاہی دے چکا ہے کہ منگل(آج) کو شوال کا چاند نظر آنے کے قومی مکانات موجود ہیں۔

پاکستان کے  لیے ماہرین موسمیات کی غالب اکثریت اس امر پر متفق نظر آتی ہے کہ عیدالفطر بدھ کو منائی جائے گی اور رمضان المبارک کے 29 روزے ہوں گے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں