انتخابی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری دن

الیکشن کمیشن

اسلام آباد: آئندہ عام انتخابات 2018 میں حصہ لینے کے خواہش مند امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پـڑتال کا آج آخری دن ہے۔

سابق صدرپاکستان آصف علی زرداری، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدرشہباز شریف، سابق رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز، پی ٹی آئی کی رہنما  ڈاکٹر یاسمین راشد، سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان اور دیگر کے کاغذات نامزدگی پر داخل کیے گئے اعتراضات پر آج فیصلے سنائے جائیں گے۔

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مؤخر کردی گئی ہے۔

پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے گزشتہ روز نواب شاہ سے کاغذات نامزدگی منظور نہ ہو سکے تھے۔ ریٹرننگ افسر نے سابق صدر پاکستان کے وکیل کو آج طلب کررکھا ہے۔

سابق چیئرمین سینیٹ فااروق ایچ نائیک  گزشتہ روزسابق صدر پاکستان کے وکیل کی حیثیت سے نواب شاہ میں ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش ہوئے تھے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان طلبی کے باوجود آج ریٹرننگ افسر کے روبرو پیش نہ ہوئے۔ گزشتہ روز ریٹرننگ افسر نے ان کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل بابراعوان ایڈوکیٹ کو ہدایت کی تھی کہ وہ اپنے مؤکل کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کے متعلق بتادیں۔

سابق وفاقی وزیرقانون ڈاکٹر بابراعوان چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کی حیثیت سے ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش ہوکر داخل کیے گئے اعتراضات پر جوابات دیں گے۔

پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے گزشتہ روز اپنا تحریری جواب ڈاکٹر بابراعوان کے معاون وکیل کے ذریعے ریٹرننگ افسر کوبھجوادیا تھا۔

پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے این اے 131 سے کاغذات پر کیے گئے اعتراضات پر محفوظ فیصلہ آج سنایا جائے گا۔

این اے 53 اسلام آباد پر انتخاب میں حصہ لینے کے خواہش مند امیدواروں کی اسکروٹنی مکمل نہیں ہوسکی ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب اورپاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کے این اے 132 سے داخل کیے گئے کاغذات نامزدگی پر فیصلہ آج سنایا جائے گا۔


متعلقہ خبریں