یوم پاکستان پر مسلح افواج کی پریڈ، لڑاکا طیاروں کا شاندار فلائی پاسٹ


اسلام آباد: ملک بھر میں آج یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

توپوں کی سلامی دینے کی تقریب میں موجود پاک فوج کے جوانوں نے نعرہ تکبیر بلند کیا، فضا اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، جوانوں اور افسران کی جانب سے ملک کی سلامتی کیلئے خصوصی طور پر دعائیں بھی کی گئیں۔

یوم پاکستان پر مصور پاکستان ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔

یوم پاکستان کی مرکزی تقریب شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کے دستوں نے پریڈ میں حصہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی نجکاری کیلئے باضابطہ عمل درآمد کا نوٹیفکیشن جاری

سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن عبدالعزیز یوم پاکستان پریڈ کے مہمان خصوصی تھے۔ شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ کی تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت سروسز چیف موجود تھے جبکہ اس کے علاوہ وفاقی وزرا، ارکان اسمبلی اور پاکستان میں غیر ملکی سفرا بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

صدر مملکت نے پریڈ کا معائنہ کیا اور تقریب سے خطاب کیا، پریڈ میں صوبوں کا خصوصی ثقافتی شو بھی ہوا اور فلوٹ مظاہرہ کیا گیا جبکہ دفاع کے شعبہ میں پاکستان کی ترقی اور جدید اسلحہ کی نمائش کی گئی۔ پریڈ کے معائنے کے بعد مسلح افواج کے لڑاکا طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کیا۔

پاک فوج کے مختلف یونٹوں کے دستوں نے سلامی پیش کی جبکہ پاک فضائیہ کے جدید طیارے جے ایف 17، ایف سولہ اور میراج طیارے نے فضائی مظاہرہ کیا۔

فضائی مظاہرہ میں ایف 7پی جی چیتا لڑاکا طیاروں کے علاوہ جدید ترین لڑاکا طیارے جے 10سی بھی شریک ہوئے۔

نماز فجر کے اجتماعات میں ملک و ملت کی سلامتی اوراستحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، جبکہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہوں میں بھی خصوصی دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔

 


متعلقہ خبریں