پاکستان میں عیدالفطر روایتی جوش و خروش سے منائی جارہی ہے


اسلام آباد/کراچی/لاہور/پشاور: ملک میں عیدالفطر روایتی مذہبی جوش وخروش سے منائی جارہی ہے۔ نمازعید کے اجتماعات میں علمائے کرام، مشائخ عطام اور مفتیان کرام نے اسلام کی روح کے مطابق زندگی گزارنے کا درس دیا۔ انہوں نے زور دے کرکہا کہ اگر امت مسلمہ اسوۃ حسنہ پر عمل پیرا رہے تو اسے دنیا اورآخرت دونوں جگہ سرخروئی نصیب ہوگی۔

نماز عیدالفطر کی ادائیگی کے بعد فرزندان توحید نے امت مسلمہ کی یکجہتی اورکامیابی کے لیے دعائیں کیں اور مالک یوم الدین کے حضورگڑگڑا کرپاکستان کی سلامتی، ترقی اورخوشحالی مانگی۔

مسلمانان پاکستان عید کے اجتماعات میں شرکت کے بعد ایک دوسرے کو گلے مل کر عید کی مبارکباد دے رہے ہیں تو بچے عیدی اکھٹی کرنے میں مصروف ہیں۔ ’میٹی عید‘ کے نام سے معروف عیدالفطر پہ عوام الناس شیرخورمہ اور میٹھی سویاں کھا کر لطف اندوز ہورہے ہیں۔

فیصل مسجد اسلام آباد سمیت شہر کی مختلف چھوٹی بڑی مساجد و عیدگاہوں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں لوگوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عمومی طور پر تہواروں کے مواقع پر’ویرانی‘ کا منظر پیش کرنے والے شہر اقتدار میں اس مرتبہ لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔

شہریوں کی سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ ایس پی ٹریفک کی سربراہی میں چار ڈی ایس پیزسمیت 108 افسران و اہلکارفرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اہلکار غلط و ڈبل پارکنگ اورٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کو روکنے کے ساتھ ساتھ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ون ویلنگ کے دلدادہ اپنے ’کرتب‘ نہ دکھا سکیں تاکہ وہ خود محفوظ رہیں اوردوسروں کو بھی تکلیف کا نشانہ نہ بناسکیں۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے کشمیر ہائی وے، ایکسپریس ہائی وے، سیونتھ ایونیو اور مری روڈ سمیت دیگر اہم مقامات پر ناکے بھی لگائے گئے ہیں۔

کراچی میں حسب معمول نمازعید کا سب سے پہلا اجتماع سبیل والی مسجد گرومندرپہ منعقد ہوا۔ امامت مولانا حنیف قادری نے کرائی۔ کراچی میں 13 ہزار886 سیکورٹی اہلکار فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق سندھ بھر میں نمازعید کے چھوٹے بڑے ہزاروں اجتماعات منعقد ہوئے۔

لاہور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں منعقد ہوا۔ بادشاہی مسجد میں امامت مولانا عبدالخیر آزاد نے کرائی۔ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے بھی نمازعید الفطر بادشاہی مسجد میں ادا کی۔

جامع مسجد منصورہ اور باغ جناح سمیت دیگر مقامات پر منعقدہ نمازعید کے اجتماعات میں زندہ دلان لاہور نے ملک کی سلامتی کے لیے گڑگڑا کر دعائیں کیں۔

شرکائے نماز نے اللہ تعالیٰ کا شکرادا کیا کہ اس نے انہیں رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں سے فیوض و برکات سمیٹنے کا موقع عطا فرمایا۔

پھولوں کے شہر پشاور میں نماز عیدالفطر کا سب سے بڑا اجتماع عیدگاہ پشاور میں منعقد ہوا جس میں عوام الناس کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پشاورمیں منعقدہ درجنوں اجتماعات میں شریک لوگوں نے بطورخاص دعا کی کہ پورا پاکستان ایک ہی روزعید الفطر منائے۔ نمازعید کے بعد شہریوں نے گلے مل کر ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔


متعلقہ خبریں