نیب کا تماشا ختم ہونا چاہیے، نئی سیاسی جماعت جلد آئے گی، شاہد خاقان عباسی

شاہد خاقان

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر بے بنیاد کیس چل رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا پانچواں سال نیب عدالتوں میں شروع ہو گیا، پہلے 9 سال لگے تھے، ابھی تو 5 سال لگے ہیں۔

آج مشکل فیصلے نہیں کریں گے تو معاملات آگے نہیں بڑھیں گے،انہوں نے مزید کہا کہ نئی سیاسی جماعت جلد آئے گی،مشاورت کررہے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب کا تماشا ختم ہونا چاہیے، ملک کا کوئی افسرکام کرنے کو تیار نہیں، اسے نیب کا خوف ہے، سنا تھا ن لیگ نے کہا ہے کہ نیب کو ختم کریں گے۔

سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ جیسے نیب کیسز بنے ویسے ختم بھی ہو سکتے ہیں، نیب کا ادارہ تو بنا لیکن عوام کو اس کا فائدہ کچھ نہیں ہوا، بد قسمتی سے حکومت عوام کو بتاتی نہیں کہ مہنگائی ہوتی کیوں ہے۔

شیر افضل مروت نے متنازع بیان پر معذرت کر لی

شاہد خاقان عباسی نے یہ بھی کہا ہے کہ مریم نواز کی پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کے دور پر کچھ نہیں کہنا چاہتا۔

انہوں نے گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں ایک، دو یا تین نئی سیاسی جماعتوں کی ضرورت ہے، موجودہ سیاسی جماعتیں ملک کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہیں، نہ ان میں کوئی سوچ نظر آتی ہے کہ ملک کے مسائل حل کرسکیں، یہاں پر کرسیوں کی سیاست ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ میں نے سیاست نہیں چھوڑی الیکشن چھوڑا ہے، میں سیاسی جماعت بناؤں یا نہ بناؤں،سیاسی جماعت نے بننا ہے، میں اس کا حصہ ضرور بننا چاہوں گا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ سیاسی جماعت بن رہی ہے؟ تو انہوں نے جواب دیا جی جی بالکل بن رہی ہے۔ جب جماعت کا نام پوچھا گیا تو شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نام جو بھی وہ رکھیں گے۔

انہوں نے تصدیق کی کہ اس جماعت میں مصطفی نواز کھوکھر، مفتاح اسماعیل سمیت کئی دیگر لوگ بھی شامل ہوں گے، اگلے دو تین مہینوں مئی جون تک نئی سیاسی جماعت آجائے گی۔


متعلقہ خبریں