سابق سری لنکن کپتان لاہیرو تھریمانے خوفناک ٹریفک حادثے میں زخمی، ڈاکٹرز نے حالت خطرے سے باہر قرار دے دی۔
اسپورٹس سے متعلق خبریں شائع کرنے والی ویب سائٹ ‘کرک انفو’ کے مطابق یہ واقعہ سری لنکا کے شمالی علاقے کے وسطی شہر انورادھا پور کے قریب پیش آیا۔ سابق کپتان کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈاکٹرز نے ضروری ٹیسٹ اور طبی امداد کے بعد تھریمانے کی حالت کو خطرے سے باہر قرار دے دیا ہے۔ تاہم انکے زخموں کی نوعیت کے حوالے سے کوئی حتمی بات سامنے نہیں آسکی۔
سری لنکا میں عام انتخابات 2025ء میں کرانے کا اعلان
پولیس کے مطابق ٹریفک حادثے میں ایک اور مسافر بھی زخمی ہوا ہے، جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔ عینی شاہدین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ لاہیرو تھریمانے کی گاڑی کو حادثہ مخالف سمت آنے والی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر کے باعث پیش آیا۔
دوسری طرف اہلخانہ نے بتایا ہے کہ تھریمانے مذہبی یاترا کے لیے جارہے تھے۔ خوش قسمتی سے وہ گاڑی میں اکیلے ہی سفر کررہے تھے۔
خیال رہے کہ لاہیرو تھریمانے نے 2010 میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کرنے کے بعد 44 ٹیسٹ میچ، 127 ون ڈے اور 26 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے۔ وہ 2014 میں سری لنکا کی جیت سمیت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے تین میگا ایونٹس کا بھی حصہ تھے۔