بنگلہ دیش: عمارت میں آگ لگ گئی، 43 سے زائد افراد جاں بحق


ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی ایک کثیر المنزلہ عمارت میں آگ لگنے سے 43 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کی ایک 7 منزلہ عمارت میں قائم ریسٹورنٹ میں آگ لگی جس نے عمارت کے دوسرے حصوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ریسٹورنٹ میں رات گئے خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 43 سے زائد افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوئے جن میں متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔

فائر سروس حکام کے مطابق آگ ایک ریسٹورنٹ میں لگی جو تیزی سے دوسری منزلوں تک پھیل گئی۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آگ کس وجہ سے لگی تاہم یہ ایک خطرناک عمارت تھی جس کی ہر منزل پر گیس سلنڈر لگے ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ 13 فائر فائٹنگ یونٹس کی 2 گھنٹے کی محنت کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا اور جلی ہوئی عمارت سے لوگوں کو بچانے کے لیے کرین کا استعمال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: نیٹو فوجیں یوکرین میں داخل ہوئیں تو جوہری جنگ چھڑ سکتی ہے، ولادیمیر پوتن

آگ میں زندہ بچ جانے والے ایک شخص نے صحافیوں کو بتایا کہ آگ لگنے کے بعد میں ٹوٹی ہوئی کھڑکی سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوا لیکن میرے 2 ساتھی جاں بحق ہو گئے۔ جب سامنے سے آگ لگی اور شیشہ توڑ دیا تو ہمارے کیشئر اور سروس مین نے سب کو باہر نکالا لیکن وہ دونوں بعد میں خود آگ کی زد میں آ گئے۔

بچ جانے والے شخص نے کہا کہ میں نے کچن میں جا کر کھڑکی توڑی اور خود کو بچانے کے لیے باہر چھلانگ لگا دی۔


متعلقہ خبریں