پاکستان نے ناقابل تسخیر سیکیورٹی چینلجز کا مقابلہ کیا، آرمی چیف


راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہائی برڈ جنگ کا مقابلہ کرنے کے لیے معیشت اور تعلیم کو اہمیت دینا ہوگی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں قومی سلامتی اور جنگی تربیتی کورسز کرنے والے افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہائی برڈ جنگ سے نمٹنے کے لیے واٹر سیکیورٹی اور قومی یکجہتی جیسے مسائل کو اولیت دینا ہو گی۔

پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان نے ناقابل تسخیر سیکیورٹی چینلجز سے نمٹنے کا کٹھن مرحلہ مکمل کرلیا ہے، یہ چیلنجز کچھ عرصہ قبل تک انتہائی مشکل تھے لیکن ہم نے ان کا کامیابی سے مقابلہ کیا، ایسے پاکستان کے لیے محنت کرنی ہے جہاں قانون کی حکمرانی ہو، پاکستان خطے کے امن و استحکام کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی امن کیلئے فریقین کو جارحانہ سوچ سے نکلنا ہوگا کیونکہ تعاون پر مبنی فریم ورک سے ہی خطے میں امن قائم ہو سکتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افسران کو کورس مکمل ہونے پر مبارکباد بھی دی۔


متعلقہ خبریں