لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا مینڈیٹ چوری ہوا ہے دھاندلی پر خاموش نہیں رہیں گے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2024 کے انتخابات 2018 کے انتخابات کا فیز ٹو تھا اور اب جو حکومت بھی بنے گی چل نہیں سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیاست پر مفاد پرستوں اور وڈیروں کا قبضہ ہے جبکہ سیاست ٹھیک نہ ہوئی تو ریاست بھی ٹھیک نہیں ہوسکتی۔ انتخابات میں قومی خزانے کا 50 ارب ضائع کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: تاحیات نااہلی کیس، سپریم کورٹ نے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا
سراج الحق نے کہا کہ قوم کے آئندہ 5 سال بھی ضائع کردیئے گئے اب نتائج میں تبدیلی اور دھاندلی سے مزید انتشار پھیلے گا۔ معاشی اور سیاسی استحکام کی امیدیں بکھر گئیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مینڈیٹ چوری ہوا ہے لیکن اب دھاندلی پر خاموش نہیں رہیں گے۔ دھاندلی بے نقاب کرنے کے لیے آئینی و جمہوری راستے اختیار کریں گے۔