الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز چھیننے کی کوشش کا نوٹس لے لیا

الیکشن کمیشن

کراچی: الیکشن کمیشن سندھ نے بیلٹ پیپرز اور بیلٹ باکس چھیننے کی شکایت کا نوٹس لے لیا۔

کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 232 کورنگی میں پریزائیڈنگ افسر سے بیلٹ پیپرز اور بیلٹ باکس چھین لیے گئے جس پر پریزائیڈنگ افسر عبدالواجد قریشی کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 2 قومی اور 2 صوبائی اسمبلی کے باکس چھیننے کی کوشش کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بیلٹ باکس چھیننے کے موقع پر اچانک پولیس پہنچ گئی جس پر ملزمان بیلٹ باکس چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

الیکشن کمشنر سندھ نے این اے 232 میں پریزائیڈنگ افسر سے بیلٹ پیپرز چھیننے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ریٹرننگ افسر اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر سے رپورٹ طلب کر لی جبکہ مذکورہ پولنگ اسٹیشن کے باہر پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کے الیکشن سیل کے انچارج راجہ عارف سلطان نے انتخابات سے قبل دھاندلی اور بے ضابطگی کے حوالے سے صوبائی الیکشن کمیشن سندھ کے نام خط جاری کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگ 100 نشستوں تک بھی نہیں پہنچ سکے گی، بلاول بھٹو کا دعویٰ

قومی اسمبلی کی نشست این اے 238 اور صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 102 کے پولنگ اسٹیشن میں سامان پہنچا تو اس میں سے بیلٹ پیپرز کی 10 بکس غائب نکلیں۔

خط میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ فہرست کے مطابق 30 بکس لکھی ہوئی تھیں جبکہ تھیلا پھٹا ہوا تھا اور اندر 20 بکس موجود تھیں۔

ضلع شرقی میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 238 اور صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 102 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 269 غوثیہ ڈسپنسری کے پریزائڈنگ آفیسر محمد شکور کی جانب سے آر او کو تحریری اطلاع کی گئی۔


متعلقہ خبریں