پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر فوج تعینات ہوگی، الیکشن کمیشن

انتخابات2018 کے دوران فوج تعینات کرنے کا فیصلہ | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات 2018 کے دوران سیکیورٹی کے پیش نظر  پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر فوج تعینات کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے پرنٹنگ پریس پر بھی فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ذمہ داری عائد کی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان الیکشن کمیشن ندیم قاسم نے کہا کہ 20 ہزار حساس ترین پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومتیں کیمرے لگانے کی مجاز ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ نیکٹا اورالیکشن کمیشن کا مشترکہ اجلاس بلایا ہے جس میں سیکیورٹی اقدامات سے متعلق مشاورت کی جائے گی۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت ضابطہ اخلاق تیار کیاجائے گا اورصوبائی حکومتیں اس پر عمل کرانے کی ذمہ دار ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوران سیاسی رہنماؤں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔

ندیم قاسم نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پریزائیڈنگ افسران کی ٹریننگ عید کے بعد شروع ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی ٹریننگ ریٹرننگ افسران کریں گے۔

ایک سوال پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان ندیم قاسم نے کہا کہ پریزائیڈنگ افسران کو فول پروف سیکیورٹی دی جائے گی۔


متعلقہ خبریں