مختلف شہروں میں بارشیں ، نشیبی علاقے زیر آب ، کئی مکانات منہدم

بارش

فوٹو: فائل


راولپنڈی اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ، کئی مقامات پر پانی آبادیوں میں داخل ہو نے سے کچے مکانات منہدم ہو گئے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے پھر بارش ہوئی، جبکہ گزشتہ روز کی بارش کے باعث نکاسی آب کا نظام پہلے ہی درہم برہم ہے۔ 

کورنگی، ملیر، سرجانی، نیو کراچی اور نارتھ کراچی میں صبح سویرے بادل برسے ، رات کو ہونے والی بارش کے بعد ریڈ زون اور آئی آئی چندریگر روڈ ، آرٹس کونسل اور گورنر ہاؤس کے قریب سڑک اور لکی اسٹار سے جناح اسپتال جانے والے روڈ ، شارع فیصل پر فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کے دفتر کے سامنے پانی جمع ہے۔

کراچی میں بارش کے بعد نظام زندگی درہم برہم، کنٹرول روم قائم

رات گھنٹوں پھنسے رہنے کے بعد بہت سے شہری خراب گاڑیاں چھوڑ کر گھروں کو روانہ ہوئے۔

دوسری جانب بلوچستان میں آواران سے زیارت تک بارش نے جل تھل ایک کر دیا،  مکران میں 7 گھنٹے تک ہونے والی بارش سے دریائے سامی میں طغیانی آگئی جبکہ میرانی ڈیم بھر گیا۔

تربت کے نواحی علاقے گھنہ اور ناصر آباد میں بارش اور برساتی پانی آنے سے کچے مکانات منہدم ہو گئے ، خضدار کے علاقے وڈھ میں آسمانی بجلی گر نے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

افغانستان اور ایران سے بارش اور برفباری کا سسٹم ملک میں داخل

ادھر کرم میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ رک گیا ، پاراچنار میں 8 انچ تک جبکہ اپر کرم اور سینٹرل کرم میں 18 انچ تک برف پڑ چکی ہے جس کے باعث درجہ حرارت منفی 11 ہو گیا ہے، برفباری کی وجہ سے رابط سڑکیں بھی بند ہیں۔

اس کے علاوہ راولپنڈی اسلام آباد ، لاہور سمیت دیگر شہروں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ، محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آج جاری رہنے اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔


متعلقہ خبریں