کراچی میں اشتہاری دیواریں گرانے کا کام شروع


کراچی: سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر کراچی میں اشتہاری دیواریں گرانے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ پہلےمرحلےمیں شاہراہ فیصل کے مختلف مقامات پردیواروں کوگرا یا  گیا ہے۔

شاہراہ فیصل پرایف ٹی سی کےمقام پربنائی گئی اونچی اشتہاری دیوار توڑ دی گئی لیکن ملبہ تاحال نہیں اٹھایا گیا ہے۔ سرکاری عملے نے گورا قبرستان شاہراہ فیصل کے نزدیک تعمیر کی گئیں دیواروں کوبھی گرادیا ہے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے سامنے شاہین کمپلیکس سمیت شاہراہ فیصل، ڈیفنس، گلشن اقبال اور ناظم آباد سمیت دیگرعلاقوں میں یہ اشتہاری دیواریں تاحال موجود ہیں۔

سپریم کورٹ کی سخت ہدایت اور 2014 کے فیصلے کے بعد شہر میں دیوہیکل بل بورڈز اور ہورڈنگزکوگرادیا گیا تھا۔ حیرت انگیز طورپرنہایت خاموشی سے منظم اندازمیں تشہیر کے لیے شہرمیں 33 اہم مقامات پربڑی اشتہاری دیواریں تعمیرکردی گئی تھیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثارنےحکم دے رکھا ہے کہ شہرمیں موجود تمام اشتہاری دیواروں کوگرادیا جائے بصورت دیگرذمہ داروں کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔


متعلقہ خبریں