انتخابات کے التوا کی کوشش ہوئی تو مزاحمت کریں گے، شہباز شریف

فوٹو: فائل


لاہور: مسلم لیگ ن پاکستان کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ انتخابات کے التوا کی کوشش ہوئی تو مزاحمت کریں گے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم انتخابی مہم کے پہلے مرحلے میں مصروف تھے اور پورے پاکستان سے ٹکٹ کے خواہشمند ایک ایک امیدوار سے نوازشریف نے انٹرویو کیا۔ ہم مشاورت کے بعد صحیح فیصلے پر پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئیں اور جب ایک کو ٹکٹ دیا جاتا ہے تو دوسرا ناراض ہوتا ہے جس کو منانا پڑتا ہے۔ انتخابات کا التوا پاکستان اور جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہوگا اس لیے اگر انتخابات کے التوا کی کوشش ہوئی تو مزاحمت کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جو بھی حکومت بنے گی اس کے لیے سب سے بڑا چیلنج معاشی ترقی کے پہیہ کو تیزی سے گھمانا ہے۔ جب بھی نواز شریف کو موقع ملا پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے منصوبوں کو آگے بڑھایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت نواز شریف نے بنایا اور سی پیک میں 30 ارب سے زائد ڈالر کی سرمایہ کاری نواز شریف کے دور میں ہوئی۔ میٹروز، اورنج لائن،  گرین لائن نواز شریف کے دور میں بنی تاہم جو تعلیم اور علاج کے چیمپئن بنتے تھے انہوں نے اپنے دور میں خیبر پختونخوا میں کیا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سیالکوٹ سے 5 نشستیں نکالیں گے، خواجہ آصف کا دعویٰ

مسلم لیگ ن پاکستان کے صدر نے کہا کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کا ہمارے پاس سب سے بڑا چیلنج تھا اور ہم نے مل کر پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ اگر پاکستان دیوالیہ ہو جاتا تو مریضوں کو زندہ رہنے کے لیے ادویات نہیں ملتیں۔ فری ادویات اسپتالوں میں ملیں تو وہ نواز شریف کے دور میں ملیں۔

انہوں نے کہا کہ اس انتخاب میں موقع دیا گیا تو 2017 میں شروع ہونے والے سفر کو دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ نواز شریف کو نکالنا ایک مجرمانہ غفلت تھی اور اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو نواز شریف چوتھی بار بھی وزیر اعظم بنیں گے۔

ایرانی حملے سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی کو توقع نہیں تھی کہ ایران پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرے گا اور ایرانی حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے تاہم ہماری افواج نے ایران کو بھرپور جواب دیا ہے۔ دہشتگردی سے پاکستان اور ایران کو بہت نقصان پہنچا ہے۔


متعلقہ خبریں