انتخابی نشانات کی تبدیلی نہ رکی تو انتخابات ملتوی کرنے پڑیں گے، الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ انتخابی نشانات کی تبدیلی نہ رکی تو ان حلقوں میں الیکشن ملتوی کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہو گا۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ انتخابی نشان الاٹ ہونے کے بعد مختلف فورمز سے نشان تبدیل کیے جا رہے ہیں جبکہ انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کے بعد بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام شروع ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی نشان کی تبدیلی پر بیلٹ پیپرز دوبارہ پرنٹ کروانا پڑیں گے جس کے لیے پہلے ہی وقت محدود ہے اور انتخابی نشان تبدیل نہ کرنے کے لیے الیکشن کمیشن نے بار بار ہدایات جاری کی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایران سے پاکستانی سرزمین پر راکٹ فائر، پاکستان کی شدید مذمت

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ اسپیشل کاغذ بیلٹ پیپرز کے لیے مہیا ہے، نشان کی تبدیلی کے باعث وہ بھی ضائع ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں 800 ٹن کاغذ بیلٹ پیپر کی چھپائی کے لیے استعمال ہوا تھا اور 2024 کے انتخابات میں 2 ہزار 70 ٹن کاغذ استعمال ہونے کا تخمینہ ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 2018 کے انتخابات میں 11 ہزار 700 امیدواروں نے حصہ لیا تھا اور 2024 کے انتخابات میں 18 ہزار 59 امیدوار میدان میں ہیں۔ 2018 میں 220 ملین بیلٹ پیپرز چھپوائے گئے تھے اور اس بار 260 ملین بیلٹ پیپرز چھپوائے جا رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن اس صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لیے اجلاس کر رہا ہے۔


متعلقہ خبریں