میڈیا انڈسٹری میں خواتین صحافیوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فافن کے زیر اہتمام ورکشاپ


میڈیا انڈسٹری میں خواتین صحافیوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ٹرسٹ فار ڈیموکریٹک ایجوکیشن اینڈ اکاؤنٹیبلٹی ، فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (ٹی ڈی ای اے ، فافن) نے کراچی میں ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ جس کا موضوع میڈیا میں خواتین کی متعصبانہ نمائندگی کا مقابلہ کرنا تھا۔
ورکشاپ کے شرکا نے نیوز رومز کے اندر خواتین کے لئے کام کی صورتحال کا احاطہ کرتے ہئوے ضروری سہولیات جیسے ڈے کیئر، علیحدہ باتھ روم اور نماز کی جگہوں اور خاص طور پر شادی یا بچے پیدا کرنے کے بعد خواتین صحافیوں پر پڑنے والے اثرات پر روشنی ڈالی۔ اس کے علاوہ خواتین کے لئے نقل و حمل کے مسائل اور ان کے کیریئر کو برقرار رکھنے میں درپیش رکاوٹوں کو بھی زیر غور لایا گیا۔
ورکشاپ میں مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والی صحافتی یونینز کے نمائندے اور پریس کلبوں کے ارکان کے علاوہ ازیں مین اسٹریم میڈیا ہاؤسز کی نمایاں شخصیات نے بھی شرکت کی۔
شرکاء نے مثبت تبدیلیوں کو اجاگر کرنے میں مین اسٹریم میڈیا ہاؤسز کے قائدانہ کردار پر زور دیتے ہوئے خواتین، اقلیتوں اور معذور افراد کے خلاف تعصب کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ فرقہ وارانہ اور نسلی تعصبات کی حوصلہ شکنی کے لئے خبر رساں اداروں پر سیاسی اثر و رسوخ کو کم کرنے کا مطالبہ کیا۔ بعض شرکاء نے اس طرح کی ورکشاپوں میں میڈیا ہاؤس مالکان کی شرکت  پر زور دیا۔
تقریب سے خطاب کے دوران  ٹی ڈی ای اے، فافن کے سی ای او نے انسانی حقوق کی تنظیموں کو مدعو کرنے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ  وہ میڈیا میں کام کرنے والی خواتین کے لیے چیلنجز اور مواقع کے بارے میں اپنا نقطہ نظر پیش کریں۔ اس کثیر الجہتی نقطہ نظر کا مقصد میڈیا انڈسٹری کے اندر زیادہ جامع اور معاون ماحول کو فروغ دینا ہے۔

متعلقہ خبریں