اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ اس وقت میڈیا آزاد نہیں اور ملک میں حکومت تو ہے لیکن اس کے پاس طاقت نہیں۔
اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا پر چاروں طرف سے ہونے والی یلغار کو روکنا ہے جس کے لیے صحافی برادری کو متحد ہونا ہوگا تبھی اپنا مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی بین الاقوامی کانفرنس بلائی جانی چاہیئے تا کہ صحافی برادری کو آگے بڑھنے کا موقع ملے اور پاکستان میں میڈیا آزاد ہوسکے، ان کا کہنا تھا کہ آزاد میڈیا پاکستان کے لیے بہت ضروری ہے، ابھی تک ملک میں جو تبدیلی آئی ہے اس میں میڈیا نے اہم کردارادا کیا ہے۔
فرحت اللہ بابر نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی کسی پر بغیر ثبوت الزامات لگائے تو اس کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیئے ورنہ اس طرح کوئی بھی کسی پر ہر طرح کا الزام لگا دے گا اور یہ ایک روایت بن جائے گی۔