اسرائیل فرعون کے نقش قدم پر چل رہا ہے، انوار الحق کاکڑ


تاشقند: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ اسرائیل فرعون کے نقش قدم پر چل رہا ہے۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ازبکستان کے شہر تاشقند میں 16ویں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسیٰ کی پیدائش پر فرعون نے بچوں کو قتل کیا تھا اور اب بدقسمتی سے جو لوگ ان کے پیروکار ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں وہ فرعون کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان غزہ میں جاری بربریت کی شدید مذمت کرتا ہے اور غزہ میں جاری جنگ فوری بند ہونی چاہیئے۔ غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا اور اسرائیل کا غزہ پر حملوں میں روزانہ 4 گھنٹےکے وقفے پر اتفاق

انوار الحق کاکڑ نے مسئلہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیتے کہا ای سی او رکن ممالک غزہ میں جنگ بندی، انسانی امداد کی فراہمی اور اسرائیل کے احتساب کی کوششوں کی حمایت کریں۔

انہوں نے کہا کہ باہمی احترام، بین المذاہب ہم آہنگی اور پر امن بقائے باہمی کو فروغ دیتے ہوئے اسلاموفوبیا کے گھناؤنے اضافے کے خلاف سیاسی اور قانونی مزاحمت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ ای سی او اراکین معدنی وسائل سے مالا مال ہیں۔ ای سی او اور ریجن میں مزید سرحدی اور تجارتی راہداریوں کی ضرورت ہے۔ ای سی او فورم کو ایک باقاعدہ تنظیم کی شکل دینا ہو گی۔


متعلقہ خبریں