اسرائیل کا انڈونیشیا اسپتال کے قریب بھی حملہ


غزہ: فلسطین پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ حملوں میں اسرائیلی طیاروں نے رفاہ اور تل الہوا کی رہائشی عمارت اور مکان کو نشانہ بنایا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے النصیرت پناہ گزین کیمپ کے قریب مکان پر حملہ کیا جس میں 14 فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ رفاہ میں مکان پر اسرائیلی بمباری سے 3 فلسطینی شہید اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔

اسرائیل نے ترک اسپتال کے بعد انڈونیشیا اسپتال کے قریب بھی حملہ کیا جبکہ جنوب مغربی غزہ کے علاقے تل الہوا میں القدس اسپتال کے قریب بمباری کی گئی۔ اسرائیل نے جنوبی غزہ میں ایمبولینس اور گیس اسٹیشن کو بھی نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ میں روزانہ کم از کم 100 امدادی ٹرکوں کی اجازت دی جائے، فلسطینی مندوب

ہلال احمر کے مطابق القدس اسپتال میں سینکڑوں مریض اور 12 ہزار لوگ پناہ لیے ہوئے ہیں۔ عمارتیں لرز رہی ہیں، امدادی کارکن اور عام شہری خوف کا شکار ہیں۔

یونیسف کے مطابق غزہ پر حملوں میں روزانہ 420 بچے شہید یا زخمی ہو رہے ہیں۔ انسانی حقوق کے ماہرین نے کہا کہ اسپتال پر براہ راست حملہ جنگی جرم سمجھا جائے گا۔


متعلقہ خبریں