بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی ہربھجن سنگھ نے جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کی شکست کی وجہ امپائرنگ اور ڈی آر ایس سسٹم کو قرار دے دیا۔
سابق بھارتی کھلاڑی ہربھجن سنگھ جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کرکٹ ٹیم کی شکست پر پاکستان کے حق میں بول پڑے۔ انہوں نے ڈی آر ایس سسٹم اور ناقص امپائرنگ پر کھل کر تنقید کرتے ہوئے اسے پاکستان کی شکست کی وجہ قرار دے دیا۔
ہربھجن سنگھ نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے ورلڈ کپ کے 26ویں سنسنی خیز مقابلے کے اختتام پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ بری امپائرنگ اور خراب قوانین کی وجہ سے پاکستان کو شکست ہوئی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو یہ قوانین تبدیل کرنا چاہیئیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر گیند وکٹ پر لگ رہی تھی تو اس سے فرق نہیں پڑتا کہ امپائر نے کیا فیصلہ دیا ہے، اگر ایسا ہے تو پھر ٹیکنالوجی کا کیا فائدہ؟
Bad umpiring and bad rules cost Pakistan this game.. @ICC should change this rule .. if the ball is hitting the stump that’s out whether umpire gave out or not out doesn’t matter.. otherwise what is the use of technology??? @TheRealPCB vs #SouthAfrica #worldcup
— Harbhajan Turbanator (@harbhajan_singh) October 27, 2023
واضح رہے کہ 46ویں اوورز میں حارث رؤف کی گیند پر افریقی کھلاڑی تبریز ایل بی ڈبلیو ہوئے، جسے آن فیلڈ امپائر نے ناٹ آؤٹ قرار دیا تاہم پاکستان کے ری ویو لینے پر معلوم ہوا کہ گیند سیدھی وکٹ پر لگ رہی تھی مگر تھرڈ امپائر نے آن فیلڈ امپائر کے فیصلے کو برقرار رکھا اور تبریز شمسی کو ناٹ آؤٹ قرار دیا۔
اگر چھالیسویں اوور میں تبریز شمسی کو آؤٹ قرار دے دیا جاتا تو پاکستان میچ میں فتح حاصل کرلیتا۔