انقرہ: ترکیہ کے صدر طیب اردگان نے کہا ہے کہ حماس دہشتگرد تنظیم نہیں بلکہ آزادی کی تحریک ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے ترک پارلیمنٹ میں سیاسی جماعت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی اور فلسطینی بچوں کے قتل عام کو روکا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں نہتے بچوں کا قتل عام کر کے دنیا کے سامنے فلسطینی مزاحمت کاروں کو کچلنے کا جھوٹا دعویٰ کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی سفیر کا اسلامی ممالک سے اسرائیلی پروڈکٹس بند اور تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ
طیب اردگان نے کہا کہ حماس کو دہشت گرد قرار دینے والے اپنے گریبان میں جھانکیں، حماس دہشتگرد تنظیم نہیں بلکہ فلسطین کی آزادی کی تحریک ہے جو اپنی سرزمین کی آزادی کے لیے آئینی اور قانونی جدوجہد کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنا اسرائیل کا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔ یہ مغرب اسرائیل کا بہت مقروض ہے لیکن ترکیہ مقروض نہیں ہے۔
ترکیہ کے صدر نے کہا کہ حماس ایک دہشت گرد تنظیم نہیں بلکہ یہ مجاہدین کا ایک گروپ ہے جو اپنی زمینوں کی آزادی اور شہریوں کی حفاظت کے لیے جدوجہد کرتا ہے۔