ورلڈکپ: بھارت نے پاکستان کو باآسانی 7 وکٹوں ہرا دیا


عالمی ورلڈ کپ 2023 میں بھارت نے پاکستان کو باآسانی 7 وکٹوں ہرا دیا۔

احمد آباد کے میدان میں کھیلےگئے میچ میں بھارت نے پاکستان کی جانب سے جیت کے لیے دیا گیا 192 رنز کا ہدف باآسانی تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ہدف کے تعاقب میں بھارت نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا تاہم تیسرے ہی اوور میں شبمن گل شاہین شاہ آفریدی کی بال پر شاداب خان کو کیچ تھما بیٹھے، بھارتی اوپنر نے 11 بالز پر 4 چوکوں کی مدد سے 16 رنز بنائے۔

شبمن گل کے بعد ویرات کوہلی بھی متاثر کن اننگز نہ کھیل سکے، ویرات کوہلی 18 گیندوں پر 16 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بھارتی کپتان روہت شرما نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 گیندوں پر 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے شاندار 86 رنز کی اننگز کھیلی، روہت شرما شاہین کی گیند پر کیچ تھما کر پویلین لوٹے۔

روہت شرما کے آؤٹ ہونے کے بعد شریاس اور کے ایل راہول نے جم کر بیٹنگ کی اور 30ویں اوور کی تیسری بال پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا، شریاس نے ناقابل شکست 63 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کے ایل راہول 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ حسن علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی اننگز

بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے امام الحق اور عبداللّٰہ شفیق نے اننگ کا آغاز کیا اور 41 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی جس کے بعد آٹھویں اوور میں عبداللّٰہ شفیق 20 رنز بنا کر محمد سراج کے اوور میں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 12.3 اوورز میں 73 رنز پر گری جب ہاردک پانڈیا نے امام الحق کو 36 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔

بعدازاں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے پارٹنر شپ قائم کی اور اس دوران دونوں نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف خوبصورت شاٹس کھیلے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 29.4 اوورز میں 155 رنز پر گری جب بابر اعظم کو 50 رنز پر محمد سراج نے بولڈ کیا۔

قومی ٹیم کی چوتھی وکٹ کچھ ہی دیر بعد 32.2 اوورز میں 162 رنز پر گر گئی جب سعود شکیل 6 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے اور پھر اسی اوور میں افتخار احمد بھی 4 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔

شاداب، نواز اور حسن علی بھی ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور زیادہ مزاحمت کئے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

بھارت کی جانب سے بمرا، پانڈیا، جڈیجا،سراج اور یادیو نے بالترتیب دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

کسی ٹیم کو اس کے ہوم گراؤنڈ میں شکست دینے کا مزہ الگ ہے،شاہین شاہ آفریدی


متعلقہ خبریں