اسلام آباد: پاکستانی روپے کی قدرمیں مسلسل گراوٹ کے باعث انٹر بنک میں امریکی ڈالرکی قدرچارروپے 38 پیسے بڑھ گئی۔ نتیجتاً امریکی ڈالر اوپن مارکیٹ میں 118 روپے پر برقرار ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 118 روپے 90 پیسے پر ٹریڈ کررہی ہے۔
امریکی ڈالرہفتہ کے پہلے دن کے آغاز پر پاکستانی کرنسی کی قیمت میں گراوٹ کے سبب ایک وقت میں 122 روپے کی بلند ترین سطح پر بھی پہنچ گیا تھا۔
اسٹیٹ بینک کے ترجمان عابد قمر کے مطابق پاکستان کرنسی کی قیمت میں آنے والے اتارچڑھاؤ کے متعلق فی الوقت حتمی طورپر کچھ بھی کہنا ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہیں کہہ سکتے کہ دن کے اختتام پر صورتحال کیا ہوگی؟
ہم نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے معاشی تجزیہ کار مزمل اسلم نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ خسارے کا تنیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات اوردرآمدات نیچے کی سطح پر آچکے ہیں۔
مزمل اسلم نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں مہنگائی کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خسارے کا دباؤ نگراں حکومت پر آگیا۔
کاروباری ہفتہ کے آغاز پر ڈالر کی قیمت میں اچانک ہونے والے اضافے سے اوپن مارکیٹ میں زبردست بحران پیدا ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔