راشد خان کا ورلڈکپ میچز کی پوری فیس افغان زلزلہ زدگان کو دینے کا اعلان

افغانستان، راشد خان کا ورلڈکپ میچز کی پوری فیس زلزلہ متاثرین کو دینے کا اعلان

افغانستان کرکٹ ٹیم کے باؤلر راشد خان نے افغانستان کے صوبے ہرات میں آنے والے شدید زلزلے سے متاثر ہونے والے افراد کیلئے ورلڈکپ کی فیس دینے کا اعلان کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ ٹویٹ میں انہوں نے بدترین زلزلے سے ہونے والے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے اکاؤنٹ سے زلزلہ متاثرین کی کچھ دل دہلا دینے والی تصاویر شیئر کیں۔

افغانستان زلزلہ ، 12 دیہات مکمل تباہ ، ہلاکتوں کی تعداد 2053 ہو گئی 9 ہزار زخمی

راشد خان نے لکھا کہا ‘میں نے افغانستان کے مغربی صوبوں (ہرات، فراہ اور بادغیس) میں آنے والے زلزلے کے المناک نتائج کے بارے میں سنا جس کا مجھے بے حد افسوس ہے’۔

افغان کرکٹر کا کہنا تھا کہ ‘میں متاثرہ لوگوں کی مدد کیلئے کرکٹ ورلڈکپ کی اپنی تمام میچ فیس عطیہ کر رہا ہوں۔ جلد ہی ہم ان لوگوں سے رابطہ کرنے کیلئے ایک فنڈ ریزنگ مہم شروع کریں گے جس سے ضرورت مند لوگوں کی مدد کی جا سکے گی’۔

خیال رہے کہ ہفتے کو افغانستان میں آنے والے ہولناک زلزلے کے نتیجے میں کئی دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے، ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار سے زائد ہو گئی جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا مزید خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

افغان وزارت آفات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں اموات کی تعداد 2 ہزار 53 ، جبکہ  9 ہزار 240 افراد زخمی ہو گئے ہیں ، اس کے علاوہ ایک ہزار 328 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔


متعلقہ خبریں