نواز شریف سے آئین و قانون کے مطابق سلوک ہو گا، نگران وزیر اطلاعات


کراچی: نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف جیل توڑ کر نہیں گئے وطن واپسی پر ان کے ساتھ آئین و قانون کے مطابق سلوک ہو گا۔

نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف 3 مرتبہ اس ملک کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں اور وہ ملک کی ایک بہت بڑی سیاسی جماعت کے قائد ہیں۔ وہ جب گئے تھے تو جیل کی دیواریں توڑ کر نہیں گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف بیرون ملک عدالت اور اس وقت کی حکومت کی اجازت سے گئے تھے اور اب جب وہ آئیں گے تو ملک کے آئین اور قانون کے مطابق ان کے ساتھ سلوک ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابات چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے قید ساتھیوں کے بغیر بھی ہو سکتے ہیں، نگران وزیر اعظم

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم وطن واپسی پر وہ کوئی حفاظتی ضمانت لیں گے یا نہیں اور کس عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔ البتہ یہ وہ سوالات ہیں جن کا جواب نگران حکومت نے نہیں دینا۔

انہوں نے نواز شریف سے متعلق مزید بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے متعلق مسلم لیگ ن ہی کوئی جواب دے سکتی ہے یا پھر آئین و قانون۔ میں مزید قیاس آرائی نہیں کر سکتا۔


متعلقہ خبریں