مغربی ہوائیں ملک میں داخل، 24 ستمبر تک بارشیں

Rain

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقو ں میں آج سے24 ستمبر بروز اتوار تک موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے اعلامئے کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں 22سے 24ستمبر تک بارشوں کا امکان ہے۔ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہوائیں داخل ہو گئی ہیں، ان سے سندھ میں کراچی، حیدرآباد سمیت مختلف علاقوں میں آندھی اور موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ان تین دنوں میں سبی، قلات، لسبیلہ،کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد میں بھی بارش ہوگی، نشیبی علاقوں کے زیرآب آنے اور آندھی سے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔

اس بارے میں محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر د ی ہیں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے تیز بارشوں کے باعث سجاول، عمرکوٹ اور تھرپارکر سمیت بعض نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ظاہر کردیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث مری، گلیات، کشمیر اور ہزارہ ڈویژن میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔واضح رہے کہ آج راولپنڈی اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، ایم ڈی واسا کے مطابق جڑواں شہروں میں مجموعی طور پر30ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ایم ڈی واسا کے مطابق نشیبی علاقوں میں واسا کاعملہ مشینری کے ساتھ تعینات کر دیا گیا ہے،ان کا کہنا تھا کہ نالہ لئی میں پانی کابہاؤمعمول کے مطابق ہے۔


متعلقہ خبریں