نگران وزیراعظم اور صدرکا مراکش میں زلزلہ سے نقصانات پر اظہار افسوس


نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مراکش میں شدید زلزلہ سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہارکیا ہے۔

وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں مراکش کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں، پاکستان مراکش کے بہادر عوام اور حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گا۔

صدرمملکت عارف علوی نے مراکش میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مراکش میں قیامت خیز زلزلے نے ہر طرف تباہی مچا دی، زلزلے کے نتیجے میں 632 افراد جاں بحق اورسینکڑوں زخمی، متعدد عمارتیں ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مراکش میں تباہ کن زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی، جس سے عمارتیں لرز اٹھیں اور سیکڑوں افراد ملبے تلے دب گئے۔ حکام کے مطابق علاقے کی تاریخی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔

ہلاک ہونے والوں کی تعداد 632 سے زیادہ ہے جب کہ 300 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں، زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں، تاہم مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔

بجلی بند ہونے کی وجہ سے علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، جس کے باعث خوفزدہ شہریوں نے رات کھلے مقامات اورسڑکوں پرگزاری۔

امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق شدید زلزلہ مراکش کے پہاڑی علاقے اٹلس میں آیا، جس کامرکز مراکش کے جنوب مغرب میں 75 کلومیٹر دور تھا۔

زیر زمین گہرائی 18.5 کلومیٹر تھی۔زلزلے کے بعد آفٹرشاکس کاسلسلہ تاحال جاری ہے۔ دوسری جانب مراکش کے ہمسایہ ملک الجیریا میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔


متعلقہ خبریں