بجلی کے بلوں میں غیر معمولی اضافے پر پنجاب کے شہر وزیر آباد کی مسجد سے شہریوں کو بل نہ بھرنے کا پیغام جاری کردیا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر گزشتہ روز وزیر آباد کی ایک مسجد کی ویڈیو منظر عام پر آئی۔ ویڈیو میں امام مسجد کو بجلی کے بلوں کی ادائیگی سے متعلق اعلان کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
امام مسجد کی جانب سے کیے گئے اعلان میں کہا جاتا ہے کہ ‘وکلا اور صحافی برادری کی جانب سے متفقہ اعلان کیا جاتا ہے کہ اہلیان میں سے کوئی بھی بجلی کا بل ادا نہ کرے۔ کسی بھی قسم کی محکمانہ کارروائی کے سامنے کی صورت میں ہم سب آپ کے ساتھ کھڑے ہیں’۔
وزیرآباد میں بجلی کے بل مشترکہ طور پر ادا کرنے کا ارادہ pic.twitter.com/YG6E98zCXR
— 𝐼𝓂𝓇𝒶𝓃 𝐿𝒶𝓁𝒾𝓀𝒶 (@Lalika79) August 25, 2023
خیال رہے بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کے خلاف آج چوتھے روز بھی ملک بھر کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا جارہا ہے۔ ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی بجلی کے اضافی بلز اور ٹیکسز پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔ احتجاج کے باعث چارسدہ روڈ ٹریفک کیلئے بند ہو گیا۔
اتوار کے روز بھی عام شہریوں اور تاجر وں کی جانب سے بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رہا جس میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔ لاہور میں بجلی بلوں میں اضافے کے خلاف شاہدرہ کے رہائشیوں نے احتجاج کیا، مظاہرین نے بجلی کے بل جلائے اور مہنگی بجلی کے خلاف نعرے لگائے۔