ملک بھر میں بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف شدید عوامی احتجاج کے بعد کے بجلی فراہمی کے اداروں نے پولیس سے سکیورٹی مانگ لی جب کہ میٹر ریڈرز نے ریڈنگ کے لئے جانے سے انکار کر دیا۔
موقر قومی اخبار کے مطابق کراچی تا خیبر بجلی کے بلوں نے آگ لگا دی ہے اور لوگ سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں، مشتعل عوام بجلی کے بلوں کو آگ لگا کر بل نہ بھرنے کا اعلان کر رہے ہیں غریب رو رو کر دہائی دے رہے ہیں جب کہ کچھ علاقوں میں بجلی فراہمی کے اداروں کے اہلکاروں پر تشدد کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔
بجلی بل، ملک کے مختلف شہرو ں میں عوام سڑکوں پر نکل آئی، بل جلا دیے
عوام کے اس شدید ردعمل کے پیش نظر بجلی فراہمی کے اداروں نے اپنے تحفظ کے لیے پولیس سے سیکیورٹی مانگ لی ہے جب کہ میٹر ریڈرز نے تشدد کے خطرے کے پیش نظر ریڈنگ کے لیے جانے سے انکار کر دیا ہے، میٹر ریڈنگ میں تاخیر کے باعث صارفین کے بلوں کے یونٹ بڑھنے سے بلوں کی مالیت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے بجلی بلوں کے خلاف ملک گیر عوامی احتجاج کے پیش نظر ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی اور پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی اپنے افسران کو نقل وحرکت کم کرنے اور گاڑیوں سے سرکاری نمبر پلیٹس اتارنے کی ہدایت کر چکی ہیں۔