جنوبی افریقہ کی ویمنز ٹیم کو کراچی آنے پر صدارتی پروٹوکول ملے گا


پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے والی جنوبی افریقہ کی ویمنز کرکٹ ٹیم کو کراچی پہنچنے پر صدارتی پروٹوکول دیا جائے گا۔

جنوبی افریقہ کی ویمنز ٹیم 27 اگست کو 3 ون ڈے اور 3 ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کیلئے کراچی پہنچے گی۔ ویمنز ٹیم کراچی میں 20 روز قیام کرے گی، 15 ستمبر کو سیریز مکمل ہونے کے بعد ویمنز ٹیم واپس روانہ ہوگی۔

اس حوالے سے جنوبی افریقی ٹیم کو سیکیورٹی دینے کیلئے صدرِ پاکستان کا پروٹوکول اور حفاظتی انتظامات کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ وی وی آئی پی سیکیورٹی اور پروٹوکول کی اس کیٹگری کے مطابق ٹیم کی رہائش اور آمد و رفت کیلئے سڑکوں اور راستوں کو ’زیرو‘ حد تک کلیئر رکھا جائے گا۔

ایشیا کپ کیلئے ٹیم کا اعلان، بھارتی سورما 2 ستمبر کو شاہینوں سے ٹکرائیں گے

اسی کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کی رہائش اور آمد و رفت کیلئے تین متبادل روٹ اے، روٹ بی اور سی روٹ لگائے جائیں گے۔ آمدورفت کے روٹ کو بم ڈسپوزل اسکواڈ سے کلیئر کرانے کے ساتھ عمارتوں پر اسنائپرز تعینات کیے جائیں گے۔

جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کیلئے سندھ پولیس کے ایس ایس یو کمانڈوز بھی راستے میں تعینات کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں ایس ایس جی کمانڈوز، رینجرز کی نفری، ڈسٹرکٹ پولیس اور دیگر اداروں  کے اہلکاروں کی بھاری نفری بھی تعینات کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں