عمران خان، اسدعمر، شیخ رشید کے مقابل مجلس عمل کے امیدوار

عمران خان، اسدعمر، شیخ رشید کے مقابل مجلس عمل کے امیدوار | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی سے قومی اسمبلی کے حلقوں کے لیے اپنے امیدوار طے کر لیے ہیں جن کا حتمی اعلان جلد متوقع ہے۔

اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 53 اور 54 سے جماعت اسلامی کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی میاں اسلم عمران خان اور اسد عمر کے مقابل انتخاب لڑیں گے۔

میاں اسلم اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 48 سے 2002 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

راولپنڈی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 60 سے شیخ رشید اور حنیف عباسی کے مقابل جماعت اسلامی کے رہنما رضا شاہ کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ سابق بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کی پاکستان آمد کے خلاف احتجاج کی پاداش میں ایک ماہ تک جیل میں رہنے والے رضا شاہ جماعت اسلامی کی جانب سے سابق یونین کونسل ناظم رہے ہیں۔

پیپلزپارٹی نے اس حلقے سے سابقہ امیدوار راجہ اسرار احمد عباسی ایڈووکیٹ کی جگہ مختار عباس کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا ہے۔

راولپنڈی سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 14 پر مجلس عمل کے امیدوار رضوان احمد نے کاغذات جمع کروائے ہیں، وہ جماعت اسلامی راولپنڈی شہر کے امیر ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی سے متحدہ مجلس عمل کے دیگر امیدواروں کا اعلان آج کسی وقت کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں