کپتان بابر اعظم کرکٹ ورلڈکپ کے بعد دلہا بننے کو تیار


قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم رواں سال بھارت میں ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کرکٹ ورلڈکپ کے بعد رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جارہے ہیں۔ 

کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں اپنا لوہا منوا کر تاریخی ریکارڈز اپنے نام کرنے والے قومی کرکٹر بابر اعظم رواں سال شادی کے بندھن میں بندھنے جارہے ہیں۔ قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی کے بعد اب بابر اعظم بھی ورلڈکپ کے بعد دلہا بننے کو تیار ہیں۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق کپتان بابر اعظم کے انتہائی قریبی ساتھی نے انکی اس نئی زندگی کی شروعات سے متعلق تصدیق کی ہے۔ قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کے گھر والے انکی شادی رواں سال ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے بعد کرانے کے خواہش مند ہیں۔

چمندا واس نے بابر اعظم کو دنیا کا بہترین بیٹر قرار دے دیا

ذرائع نے بتایا ہے کہ اہلخانہ کے مطابق دسمبر میں ہونے والے پاکستان کے آسٹریلیا ٹور سے پہلے اور ورلڈکپ کے بعد کے دنوں میں شادی متوقع ہے۔ کپتان بابر اعظم ورلڈکپ کے بعد نومبر میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ  بابر اعظم کی شادی گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد طے کی جانی تھی جو کچھ مصروفیات کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی۔

خیال رہے کہ جون 2021 میں کورونا وبا کے دوران یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ بابر اعظم کا انکی کزن کے ساتھ رشتہ طے ہوگیا ہے اور اگلے سال شادی متوقع ہے۔ تاہم کپتان نے خود اس حوالے سے خبروں کی تائید یا تردید نہیں کی تھی۔


متعلقہ خبریں