قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز فواد عالم نے پاکستان کرکٹ کو خیرباد کہنے کی خبروں کو غلط قرار دے دیا۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے گزشتہ روز سامنے آنے والی خبروں سے متعلق وضاحت کی۔ اس موقع پر انہوں نے سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی خبروں کی تردید کی۔
فواد عالم کا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، ریٹائرمنٹ کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کرکٹ سے متعلق خبریں شائع کرنے والے ویب سائٹ ‘کرک بز’ کی طرف سے یہ خبر شائع کی گئی تھی کہ فواد عالم نے پاکستان کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ خبر کے مطابق کہا گیا تھا کہ وہ اب ‘شکاگو کنگز مین’ نامی امریکی لیگ میں ایک مقامی کرکٹر کی حیثیت سے کھیلیں گے۔